WELCOME TO MELTED TRUTHS

All Truths are easy to understand once they are discovered;the point is to discover them.(Galileo Galilei)

"دوام" قسط نمبر1 The Eternity




" دوام "


An inspiring and alluring tale of a scientist's love to her   Homeland



پیش لفظ

دنیا میں آنے والا ہر نومولود ایک علامت ہے کہ اللہ تعالیٰ ابھی اپنے بندوں سے مایوس نہیں ہوا۔ جب ایک بچہ ماں کی آغوش میں پہلی دفعہ آنکھ کھولتا ہے تو ماں کے لمس کے سوا ۔ہر شے اُس کے لیئے اجنبی ہوتی ہے ۔۔نہ وہ فرشتہ ہوتا ہے ۔نہ شیطان ، وہ صرف ایک انسان ہوتا ہے ۔۔جسےُ اسکی فطرت، جبلت اور رغبت۔۔کبھی انسانیت کا مسیحا بنا دیتی ہے۔۔ تو کبھی وہ ذلالت کمینگی اورظلم کی وہ داستانیں رقم کرتا ہے کہ آسمان بھی کانپ اٹھے۔۔!!!
دوام ۔۔میرے ذہن کے دریچوں میں کافی عرصے سے کلبلاتا ایک اچھوتا سا تصور تھا ۔ اپنے ارد گرد سسکتے ، بلکتے اور ظلم کی چکی میں پستے ہم وطنوں کی حالتِ زار ۔۔مجھے ہی نہیں پاکستانی یوتھ کے ہر درد مند دل کو یقیناٌ رلاتی ہوگی ۔ ہمارے حکمران خون کے جو چند قطرے جاں بلب عوام میں باقی چھوڑ دیتے ہیں ۔۔وہ اُنکے اعمال کی بدولت ناز ل ہونے والی آ فات کی نظر ہوجاتے ہیں ۔قدرتی آفات کی یہ بڑھتی ہوئی شرح پاکستان ہی نہیں ۔۔ پوری دنیا میں بسنے والے افراد کا مجموعی المیہ ہے ۔
یہ زمین اِس نظا مِ شمسی کا ہی نہیں ۔۔ پوری کائنات میں اپنی نوعیت کا وہ واحد سیارہ ہے ۔۔جہاں زندگی اپنے عروج پر ہے ۔ یہ اللہ تعالیٰ کی ہم پر بے پایاں رحمت اور اُس کا ایک انمول انعام ہے ۔جسے اپنی سرگرمیوں کے ذریعے جہنم انسان خود بنا رہا ہے ۔ آج دنیا کا کوئی خطہ قدرتی آفات کی زد سے محفوظ نہیں رہا ۔۔ کہیں زلزلے تباہی پھیلا رہے ہیں ۔تو کہیں قحط اور خشک سالی بستیوں پربستیاں نگل رہی ہے ، کسی علاقے کو سیلاب اجاڑتا گزر جاتا ہے۔۔تو کہیں گلوبل وارمنگ کی بدولت سورج سوا نیزےپر آکر نظامِ زندگی مفلوج کر دینے کے در پر ہے ۔۔!!
دوام۔۔ میری ایک ادنیٰ سی کوشش ہے کہ اُن ایشوز کو سامنے لا سکوں جن سے عام لوگ آگاہ نہیں ہیں ۔۔ اِس ناول میں کمپین کے کئی سائنٹیفک آئیڈیاز میرے اپنے ہیں ۔۔ البتہ اِن پر میں نے خاصی تحقیق اور انجینئرز سے رائے لیکر قلم اٹھا یا ہے ۔۔ ہارپ ( (
American weather machine سمیعت جو ٹیکنالوجیکل انفارمیشنز اِس کہانی میں دی گئی ہیں وہ بھی ہرگز ماورائی داستانیں نہیں ہیں ۔۔ البتہ اُن سے بہت کم لوگ آگاہ ہیں۔۔!!
اِس سیارۂ زمین ، اپنی دھرتی اور انسانیت سے محبت ۔۔ دوام کا اصل تھیم ہے ۔۔کیونکہ محبت کا اصل مفہوم انسان اُس وقت سمجھتا ہے جب وہ اپنی ذات کے دائرے سے نکل کر اوروں کے لیئے جینا شروع کرتا ہے ۔۔    ویسےرومانیات میرا
cup of tea کبھی بھی نہیں رہا۔۔ پہلی دفعہ اِس میں بھی طبع آزمائی کی ہے ۔۔ اپنے طور پر بھرپورکوشش کی ہے کہِ اصلاحی اور معلوماتی ہونے کے ساتھ یہ کہانی دلچسب بھی ہو ۔۔ اپنی اِ س کوشش میں ۔مَیں کتنی کامیاب رہی ۔۔ براہ کرم ضرور بتائیے گا ۔


                                                                                                          بہت شکریہ
                                                                                                                            صادقہ خان؎
                                           ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔






                                                                               پہلا باب


Time and eternity

I Reason, earth is short

And anguish absolute

And many hurt;

But what of that?

I Reason, we could die

The best vitality

Can not excel decay;

I Reason that in heaven

Somehow it will be even

Some new equations given

But what of that ?

(Emily Dickinson)



میں نے اِس چھوٹی سی دنیا میں رہ کر
یہ جانا کہ !!
لوگ روحانی اذیت میں ہیں
اور بہت دلگرفتہ بھی
لیکن اِس سے کیا فرق پڑتا ہے ؟
میں نے جانا کہ!!
ایک دن سب نے مرنا ہے
لیکن جو اوروں کے لئے جیتے ہیں
وہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں
میں نے جانا کہ
جنت بھی کچھ ایسی جگہ ہوگی
جہاں کچھ نئے اصول ہوں گے
لیکن اِس سے کیا فرق پڑتا ہے ؟؟؟
                              ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور انسان طبعاٌ بڑا ہی نا شکرا ہے جب اُسکو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو وہ پورے قلبی جھکاؤ کیساتھ اللہ تعالیٰ کو پکارتا ہے ، لیکن جب اِس کے بعد اُسے آ سائش میسر آتی ہے تو وہ اپنی ساری گریہ و زاری کو بھول کر کہنے لگتا ہے کہ میرا مسیحا تو کوئی اور بنا ۔)سورۃ الزمر ۔ القرآن(
قرآن کی آیت کیا تھی ایک برچھی تھی جو سیدھی منتہیٰ دستگیر کے سینے میں عین وسط پر پیوست ہوئی تھی ۔ وہ آسمان کی بلندیوں سےپاتال کی کھا ئیوں میں گری تھی ۔یقیناٌ وہ اُس کا رب ہی تھا جس نے اُس کے نصیب کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں امید کی شمعیں فروزاں کی تھیں ۔۔۔۔اور ارمان یوسف اسکی آزمائش تھا یا صبر کا انعام یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی تھا ۔۔۔!!!!

                                 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اُس کے بکھرے کمرے میں اپنے اصل مقام پر موجودواحد شے وال کلا ک تھی شاید اِس لیئے کہ جب سے سیل فون ہماری زندگیوںکا حصہ بنے ہیں وال کلاک سے سب کا سلوک سوتن جیسا ہو گیا ہے ۔ اُسکا عقیدہ تھا کہ ممی کی ڈانٹ پھٹکار کا اثر جن لڑکوں پر ہونےلگے اُن میں ضرور قبلِ مسیح کی کوئی روح حلول کر جاتی ہے ، لیکن پاپا کے لیئے یہ سب عقائد دھرے کے دھرے رہ جاتے تھے ۔اللہ سے ہمیشہ ایک ہی شکوہ کیا کرتا تھا کہ یا تو اس کے پاپا سینیئر پروفیسر نہ ہوتے یا وہ اُنکی اکلوتی اولاد نہ ہوتا، اُس کے نزدیک
پروفیسرکی اولاد ہونا دنیا کی سب سے بڑی بد نصیبی تھی۔ جن کی سوئی سٹڈیز ، رولز اور شیڈول پر ہی اٹکی رہتی تھی اور چار و ناچار ارمان کوبھی کئی بنکس ، مکس گیدرنگز اور میوزک کنسرٹس چھوڑ کر صرف اُن کتابوں میں سر کھپانا پڑتا تھا جو اسے اپنی جانی دشمن لگا کرتی تھیں۔۔۔۔!!!

                                  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عموماٌ سٹوڈنٹس میتھمیٹکس اور فزکس سے سب سے زیادہ خار کھاتے ہیں ، کوانٹم فزکس کے متعلق تو اُسکی کلاس کی متفقہ رائے تھی کہ یہ دنیا کا ذلیل ترین سبجیکٹ ہے جس کے پیریڈ سے سب ہی کی جان جاتی تھی ، لیکن پوری کلاس میں اگر کوئی سٹوڈنٹ مکملدلچسبی اور دلجمعی سے لیکچر اٹینڈ کرتا تھا تو وہ منتہیٰ تھی ۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ کوانٹم فزکس انسانی خواص سے ماوراء کسی اور سیارےکسی اور دنیا کا مضمون ہے۔ لیکن منتہیٰ کو اشیاء ہی نہیں اپنے اِرد گرد کی دنیا اور رویئے بھی کوانٹم فزکس کے اُصولوں کی مدد سے سمجھ  میںآنے لگے تھے اُسکے پاس ذہانت تھی، کچھ کر دکھا نے کا جنون اور ٹیلنٹ تھا جس کے بل بوتے پر وہ آگے بڑھتی چلی گئی ۔۔ وہ منتہیٰ دستگیر جو ہر شے کو کامیابی کے پیمانے پر پرکھنے لگی تھی ،نہیں جانتی تھی کہ وقت کی تلوار بہت بے رحم ہے اور دنیا میں ہر عروج کو زوال ہے ۔۔۔۔!!!!
                                             ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابے خبیث توضرور کسی دن مجھے پاپاکے ہاتھوں پٹوائے گا ،دس ہزار دفعہ منع کیاہے کہ 
PTCL پر وقت بے وقت کال مت کیا کر ۔۔ پر تیرے کان پر جوں نہیں رینگتی ۔۔ ،ارمان اپنے BFF ارحم پر بری طرح برحم تھا ، لیکن وہ ارحم ہی کیا جو کسی کی سنتا ہو ۔
ابے! یہ گندی اشیاء تیرے اپنے سر میں پائی جاتی ہونگی میرے نہیں ۔۔ ہونہہ
تیرا سیل دو گھنٹے سے بزی تھا ۔۔ اب بتا کس حسینہ سے گفتگو میں مصروف تھا میرا شہزادہ ۔۔؟؟
ابے بھوتنی کے ! پاپا گھر میں تھے میری مجال کے میں سٹڈیز چھوڑ کر سیل اٹھاتا ۔۔ ویسے اپنے نصیب میں کو ئی حسینہ ہے بھی نہیں ایک سرد آہ کے ساتھ جواب حاضر تھا ۔۔
ٹھیک ہے چھپا لے بیٹا ۔۔ تیرے سارے راز پوری کلاس کے سامنے نہ کھولے تو میرا نام بھی اَرحم تنویر نہیں ۔۔   اس سے پہلے کہ ارمان اسے ایکُ مکا جڑتا اَرحم رفو چکر ہو چکا تھا ۔۔۔ !!!
                                    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زندگی اتفاقات ، واقعات اور حادثات کا مجموعہ ہے ، کوئی نہیں جانتا کہ کب کونسا واقعہ یا حادثہ اُسے ایک بند گلی کے موڑ پر لیجا کرچھوڑ دیگا جہاں اسے ایک بے مقصد اور بے مصرف زندگی گزارنا پڑیگی ۔ ایک کامیاب ترین زندگی سے ایک بے مصرف وجود تک پہنچ جانے میں انسان پر کیا کچھ بیت جاتی ہے یہ وہی جان سکتا ہے ۔۔جوِ ان حالات سے گزرے ، تب زندگی گزارنے اور اِسے بیتنے کا اصل مفہوم سمجھ میں آتا ہے ۔ ایک پُر امید کبھی مایوس نہ ہونے والا شخص کیونکر صرف موت کا انتظار کرنے لگتا ہے، وہ
کیسے دکھ ہوتے ہیں جو ہر حال میں خوش رہنے والے کو موت کی چوکھٹ پر شب و روز دستک کے لیئے لا بٹھا تے ہیں ۔۔۔دنیا نے نا کبھی سمجھا ہے نا کبھی سمجھ پائیگی کیونکہ دنیا صرف چڑھتے سورج کی پوجا کیا کرتی ہے ۔۔ ڈوبتا سورج یا ٹوٹتے تارے دنیا والوں کے لئے بے معنی ہوا کرتے ہیں ۔۔۔!!!
                                   ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سائنس میں جو ماڈلز ہم بناتے ہیں اُنکا اطلاق صرف سائنسی نمونوں پر ہی نہیں ہوتا بلکہ اِن ماڈلز پر بھی یکساں طور پر ہوتا ہے جو ہم سب نے زندگی کو سمجھنے اور روزمرہ کے واقعات کی تشریح کے لیے اپنے اپنے تحت الشعور میں بنائے ہوئے ہیں ۔اور  یہی ہمیں دنیا سے باخبر رکھتے ہیں ۔ آج تک کوئی ایسا طریقہ دریافت نہیں ہو سکا جس کے ذریعے دنیا کے متعلق ہمارےنظریات میں سے آبزرور یعنی انسان کو منہا کیا جا سکے کیونکہ تصورات ہمارے اعصابی نظام کی تخلیق ہوتے ہیں ۔ اشیاء کو  دیکھنے اور پرکھنے کے لیئے کسی شخص کی مناظری حِس کے نیچے لگاتار سگنلز موصول ہوتے ہیں ، لیکن یہ ڈیٹا ایک خراب کھینچی ہوئی تصویر کی طرح ہوتا ہے اور انسانی دماغ اُسکو کامیابی کے ساتھ پروسس کر کے ایک مکمل تصویر پیش کرتا ہے ۔ جس کے مطابق ہم کائنات کی ہر شے کے بارے میں اپنی اپنی ذہنی سطح تک تصوارات تشکیل دیتے ہیں ۔
منتہیٰ سمیعت پوری کلاس جیسے سحر زدہ تھی اور پروفیسر یوسف اپنے لیکچر کا فسوں بکھیر کر جا چکے تھے ۔۔۔۔!!!
پروفیسر ڈاکٹر یوسف رضا کا شمار پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ فزکس کے مایہ ناز اساتذہ میں ہوتا تھا ، اپنے پیشے سے انکی جذباتی وابستگی ، لگن اور ان تھک محنت کا ثمر تھا کہ جلد ہی وہ ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کے عہدے پر فائز ہونے والے تھے ۔ فزکس عموماٌ خشک مضمون سمجھا جاتا ہے لیکن اِس کے بر عکس پروفیسر یوسف انتہائی ہنس مکھ اور ملنسار واقع ہوئے تھے ۔۔!!!
                                   ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمارے معاشرے میں اَنا کا حق صرف مرد رکھتا ہے عورت کو ماں ، بہن، بیٹی یا بیوی ہر روپ میں ، زندگی کے ہر نئے موڑ پر ، ہر رشتے کو نبھانے کے لیئے اپنی اَنا اور خود داری کی قربانی دینا پڑتی ہے ۔اپنے اندر کی عورت، اُسکی اُمنگوں اور جذبوں کو دبا کر صرف مرد کی خواہش کے مطابق جینا ہی عورت کی اصل زندگی ہے ۔ لیکن یہ تصویر کا صرف ایک رخ ہے ہر مرد عورت کو مٹی کی مورتی یا پلاسٹک کا کھلونا نہیں سمجھتا ۔۔، بے نظیر ، حنا ربانی ، نرگس ماول والا اور فضا فرحان جیسی خواتین بھی اسی معاشرے کی پیداوار ہیں ، فرق صرف اتنا ہے کہِ انھیں خوش قسمتی سے ایسے مرد حضرات کا ساتھ میسر آیا جنھوں نے اُنکی صلاحیتوں کو اپنی انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے اُنکا بھرپور ساتھ دیا ۔ آج جب نرگس کا 
LIGO) (پراجیکٹ سارے عالم میں دھوم مچاتا ہے ، شرمین آسکر ایوارڈ جیتتی ہے یا فضا اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل میں شامل کی جاتی ہے تو گویا دنیا اس عورت کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہے جسے عموماٌ ہانڈی، روٹی اور ڈائیپرز کا ایکسپرٹ سمجھا جاتا تھا ۔۔۔!!!
بلا شبہ کسی معاشرے میں عورت کا ایک با عزت مقام ہی اس قوم کی عظمت کا نشان ہے ۔۔!!!
عالمی یومِ خواتین کے موقع پر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کا آڈیٹوریم سٹوڈنٹس سے کچھا کچھ بھرا تھا اور منتہیٰ کا جوشِ خطا بت دیدنی تھا ۔ اُسکے اکثر اساتذہ کے ریمارکس تھے کہ اس جیسے ملٹی ٹیلینٹڈ سٹوڈنٹس باعثِ فخر ہوتے ہیں اور اگر انھیں سازگار ماحول میسر آئے تو وہ انٹرنیشنل لیول پر اپنی قوم کی پہچان بنتے ہیں ۔۔۔!!
                                            ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یار تو دن بدن پکا 
Booworm بنتا جا رہا ہے مجھے تو تیرے ساتھ بیٹھتے ہوئے ڈر لگنے لگا ہے کہ کہیں کوئی چھوٹا موٹا سا تیرا سایہ مجھ پر نا پڑ جائے ۔۔ اَرحم اسے ہر جگہ تلاش کرتے ہوئے لا ئبریری تک آیا تھا اور ارمان کے سامنے پھیلی موٹی موٹی کتابوں کو دیکھ کر کہے بنا نہیں رہ سکا ۔۔۔ لیکن جواب ندارد ۔۔ ارمان پوری توجہ اور دلجمعی کیساتھ اپنے نوٹس مکمل کرنے میں مصروف تھا ۔کچھ دیر تک منہ بسورے ارمان کو گھورتے رہنے کے بعد نا چاہتے ہوئے بھی اَرحم کی توجہ سامنے کھلی بکس پر چلی گئی ۔BP Lathi
کمیونیکیشن سسٹمز کے انتہائی اہم ٹاپکس سامنے کھلے پڑے تھے جو لیکچرز میں اُنکے سر کے اوپر سے گزر گئے تھے ۔ اللہ بھلاکرے سمارٹ فونز بنانے والی تمام کمپنیوں کا جنکی بدولت اب سٹوڈنٹس کے کئی مسائل چٹکی بجاتے میں حل ہو جاتے ہیں ۔سو اَرحم بھی اپنا سام سنگ ایس ۶ نکال کر تندہی سے نوٹس پیجز کی پکچرز بنانے لگا ۔۔ ارمان نے دو تین دفعہ اُسے کھا جانے والی نظروں سے دیکھا مگر اَرحم جیسے ڈھینٹ پیس دنیا میں کم ہی پائے جاتے تھے ۔۔ البتہ اندر وہ بمشکل اپنی ہنسی دبائے ہوئے تھا ،
تھوڑی دیر پہلے اُس کے سائے سے بچنے کی باتیں کرنے والا اَرحم پکا نہیں تو نو زائیدہ بک ورم بن ہی گیا تھا ۔۔۔!!!
                                      ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بی ایس کے لاسٹ سمیسٹر کاآخری پیپر دیکر آتے ہی منتہیٰ یوں گھوڑے ،گدھے، ہاتھی ببر شیر بیچ کر سوئی کہ پھر رات کو ہی شدید بھوک سے آنکھ کھلی ۔۔ دادی کی ڈانٹ پھٹکارکچن تک اُسکا پیچھا کرتی رہی ۔۔ اے لو یہ کوئی وقت ہے جاگنے کا دنیا جب سونے لیٹی تو یہ محترمہ جاگی ہیں ، نا سونے جاگنے کا سلیقہ نا نماز کی قضا کا ہوش ۔۔۔ ہونہہ ارے دادی آپ کو کیا معلوم کہ یہ امتحان کیا بلا ہوتے ہیں ، مہینوں کی تیاری جیسے اپنا آپ بھلا دیتی ہے ۔۔ 
اے ہے ! یہ اپنی موٹی موٹی کتابوں کے فلسفے اپنے پاس ہی رکھو ۔۔ ہونہہ ہم نے ساری زندگی امتحان سمجھ کے کاٹی ہے ۔۔کیسے کیسے دکھ جھیل کے تیرے باپ اور اسکے بہن بھائیوں کو پالا ، تم آجکل کی لڑکیاں کیا جانو کہ ماں اپنی راتوں کی نیندیں حرام کرکے اولاد کو پالتی ہے اور پھر فجر سے اُسے شوہر اور سسرال کے لیئے کولہو کے بیل کی طرح جتنا پڑتا ہے ۔۔ میری بچی زندگی کو ہر لمحہ امتحان سمجھوگی تو تمہیں زیادہ تیاریاں نہیں کرنی پڑیں گی ۔ جب اپنی ناؤ اللہ پاک کے ہاتھ میں دیدو تو پھر ہرآزمائش سہل ہو جاتی ہے ۔۔ وہ جو قادر بھی ہے اور قدیر بھی وہ اپنے پیاروں کو آگ کے دریا بھی پار کرا دیتا ہے اس لیئے کہ اُسکے پیارے امتحانوں سے گزرنے کی تیاریاں نہیں کرتے بلکہ وہ اپنی حیاتی خدا اور اُس کے قوانین کے حوالے کر کے خود  ہر فکر سے آزاد ہو جاتے ہیں ۔۔۔!!!!
                                                      ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بی ایس کے رزلٹ کا انتظار جاری تھا ۔۔ یونیورسٹی میں ٹاپ کرنے کا خواب جلد شرمندۂ تعبیر ہونے والا تھا ۔۔۔اور منتہیٰ پنجاب یونیورسٹی ایڈمیشن فارم ڈاؤن لوڈ کر رہی تھی کہِ ارسہ سر پر نازل ہوئی ۔۔!! وہ کچھ جز بز تو ہوئی لیکن اپنی دونوں چھوٹی بہنیں اُسے جان سے زیادہ عزیز تھیں ۔ ملک غلام فاروق دستگیر کا چھ افراد پر مشتمل یہ کنبہ فیصل آباد سول لائنز ایریا میں برسوں سے آباد تھا ۔ ملک صاحب پنجاب گورنمنٹ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ میں ۱۷ گریڈ کے آ فیسر اور پیشے کے لحاظ سے کیمیکل انجینئر تھے اُنکی وفا شعار بیوی عاصمہ ، بوڑھی والدہ اور تین بیٹیاں منتہیٰ، اِرسہ اور رامین ہی انکی کل کائنات تھیں ۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کھلی ذہنیت والے انسان تھے، سو انہوں نے اپنی بیٹیوں کی تربیت بھی بیٹوں کی طرح کی تھی ، خصو صاٌ سب سے بڑی منتہیٰ سے انھیں بے شمار توقعات وا بستہ تھیں ۔ سکول سے یونیورسٹی تک ٹاپ پوزیشن کے ساتھ وہ ایک بہترین مقررہ ، رائٹر اور پینٹر تھی ۔
انکی باقی دونوں بیٹیاں بھی ما شاء اللہ بہت با صلا حیت تھیں ۔۔ اِرسہ کمپیوٹر انجینئرنگ میں اور رامین ابھی پری میڈیکل میں تھی۔ وہ ان باپوں میں سے ہر گز نہ تھے جو بیٹیوں سے جلد از جلد جان چھڑانے کے چکر میں انھیں غلط ہاتھوں میں سونپ دیتے ہیں   اور یہ معصوم کلیاں کھلنے سے پہلی ہی مرجھا جاتی ہیں ۔۔
اسی لیئے بی ایس سے فارغ ہوتے ہی جب انکی اکلوتی بہن اپنے بیٹے کا رشتہ منتہیٰ کے لیئے لائی تو انہوں نے بیٹی کی مرضی معلوم کرنے کا کہہ کر کچھ وقت مانگا تھا ۔۔اور اب یہی مژدۂ جاں فراں لیکر ارسہ منتہیٰ کے سر پر سوار تھی ۔۔۔!!
اپنے مستقبل کی پلاننگ میں اس غیر متوقع آپشن کی آمد پر منتہیٰ کا سر چکرایا ۔۔۔ امی اور دادی سے بات کرنے کا مطلب آ بیل مجھے مار تھا ۔۔ سو دونوں بہنیں سر جوڑ کے بیٹھ گئیں کہ اِس بلائے نا گہانی سے کس طرح جان چھڑائی جائے ۔۔!!
                                     ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ارمان یوسف سے اُسکا پہلا تعارف سوشل میڈیا کے توسط سے ہوا ۔۔ ۔۔فیس بک پر منتہیٰ نے کئی جرنل نالج گروپس، کوئز اورمعلوماتی ڈیبیٹس کی وجہ سے جوائن کیئے ہوئی تھے اِنہی میں سے ایک گروپ میں انسان کا چاند پر پہلا قدم اور نیل آرم سٹرونگ کی صداقت پر ایک دھواں دھار ڈیبیٹ جاری تھی ، اِس طویل ترین پوسٹ پر کمنٹس کی تعداد ہزاروں میں جا چکی تھی لیکن منتہیٰ سمیعت کوئی بھی اپنے مؤ قف سے دست بردار ہونے کو تیار نہ تھا ۔ منتہیٰ کا اِستدلال یہ تھا کہ (
Apollo11) کی جو نشریات براہِ راست دکھائی گئی تھیں وہ Fake یا پکچرائز ہر گز نہیں تھیں جب کہ مخالف پارٹی سے ارمان یوسف اپنی بات پر اڑا ہوا تھا کہ ناسا جو دنیا بھر میں خلا سے متعلق مستند ادارہ سمجھا جاتا ہے ، امریکی فیڈرل بجٹ اور مختلف سپانسر کی مد میں تقریباٌ ۲۰ بلین ڈالر کی خطیر رقم اس مشن پر جھونک چکا تھا ۔ اگر یہ (man lunar landing) یوں ٹیلی کاسٹ نہ کی جاتی تو ناسا کے سارے سپانسرز بند ہو جاتے ۔۔۔!! جبکہ انہیں فوری طور پر مارس مشن کے لیئے اس سے بڑی رقم درکار تھی ۔۔
ہفتوں جاری رہنے والی یہ ڈبیٹ منتہیٰ کے ارمان سے تعارف کا سبب بنی ۔۔۔کو ئی نہیں جانتا تھا کہ انسان کا چاند پر پہلا قدم سے شروع ہونے والا یہ تعارف وفا اور ایثار کی ایک لازوال داستان کو جنم دینے والا ہے ۔۔۔۔!!!
                                        ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بی ایس ٹیلی کام انجینئرنگ میں آتے ہی ارمان میں حیرت انگیز تبدیلیاں رونما ہوئی تھیں ، وہ جو باپ کے غصے اور ماں کی ڈانٹ پھٹکار کے بعد بمشکل کتابوں کو ہاتھ لگایا کرتا تھا ،اب لیٹ نائٹ سٹڈی کا عادی ہو گیا تھا ۔۔ ارمان کا شمار اُن ذہین طالبعلوں میں ہوتا تھا جو سٹڈی کو ٹف ٹائم دیئے بغیر بھی اے گریڈ لاتے ہیں ، یوسف صاحب اپنے بیٹے کی صلا حیتوں سے بخوبی واقف تھے ،لیکن انہوں نے کبھی اُس پر زبردستی نہیں کی تھی ۔۔ آج کی نسل پابندیاں برداشت نہیں کرتی ، آ پ اِنہیں رسی سے باندھیں یہ اُسے توڑ بھا گیں گے ، اِنہیں زنجیروں میں جکڑیں ۔۔۔یہ اِن سے فرار کا وہ راستہ اختیار کریں گے کہ آپ کو جوان اولاد سے عمر بھر کے لیئے ہاتھ دھونے پڑیں گے ۔ آج کی نسل مستقبل کے فیصلوں پر اپنا حق چاہتی ہے ۔۔۔۔!!
سو ایک جہاندیدہ پروفیسر ہونے کے باعث اپنی اکلوتی اولاد کو ایک حد تک آزادی دیکر رسی کا دوسرا سرا بہر حال اپنے ہاتھ ہی میں رکھا تھا ۔۔ اب ہر سمیسٹر میں ارمان کا پہلے سے زیادہ جی پی اے اُن کو یہ باور کرانے کے لیئے کافی تھا کہ بیٹا۔۔ سہی سمت میں چل پڑا ہے ۔۔۔!!!
                                    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مشرق کی بیٹی چاہی کتنی ہی پڑھ لکھ جائے شادی بیاہ کے معاملے میں براہِ راست باپ سے بات میں ایک حجاب حائل رہتا ہے ، رات جب وہ بلاوے پر ابو کے کمرے میں گئی تو ذہن جیسے کوری سلیٹ تھا ۔۔ دو دن میں محنت سے تیارکیئے  تمام دلائل اڑن چُھو ہو چکے تھے ۔۔۔!!
منتہیٰ بیٹا آپ یقیناٌ جانتی ہیں کہ میں نے آپ کو کس لیئے بلایا ہے سو بغیر کسی جھجک کے اپنا فیصلہ بتایئے ۔۔ فاروق صاحب کے دوستانہ لہجے سے منتہیٰ کی ٹوٹتی ہمت کچھ واپس آ ئی ۔۔کمرے میں کافی دیر تک خاموشی چھائی رہی ۔۔ منتہیٰ نظریں جھکائےکارپٹ کے ڈیزائن کی بھول بھلیوں میں اپنا مستقبل تلاش رہی تھی ۔۔ اور بلاآخر اُسے راستہ مل ہی گیا ۔۔
ابو! میرے مستقبل کا فیصلہ یقیناٌ آپ ہی نے کرنا ہے لیکن فی الحال میری خواہش ہے کہ مجھے آگے پڑھنے دیا جائے ۔۔!!اور فاروق جو بہت دیر سے اسکے چہرے کے اتار چڑھاؤ سے کچھ سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے ۔۔۔ بے اختیار مسکرا اٹھے ۔ مجھے اپنی بیٹی سے ایسے ہی جواب کی توقع تھی ،تم میرا فخر بھی ہو اور مان بھی ۔۔ اور مجھے یقین ہے کہ تم میرے سارے خواب سچکر دکھا ؤ گی ۔۔۔ تیزی سے امڈتے آ نسوؤں کو پونچھتے ہو ئے وہ باپ کے گلے لگی تھی ۔۔ لیکن ابو ۔۔ دادی اور پھپو۔۔۔۔ بہت سے خدشات نے سر ابھارا ۔۔؟؟
میری جان ! تم اُنکی فکر مت کرو ، یہ یاد رکھو کہ اگر تم کچھ غیر معمولی کر کے دکھانا چاہتی ہو تو تمہیں بہت سی رکاوٹیں عبور کرنا ہونگی،بہت سے عزیز رشتوں کا دل توڑ کر اُنکی خفگی مول لینا پڑیگی ۔۔ لیکن یہ ناراضگیاں عارضی ہوا کرتی ہیں ۔۔ ایک وقت آتا ہےجب یہی لوگ آپکی کامیابیوں پر سب سے زیادہ خوش بھی ہوتے ہیں اور دعاگو بھی کیونکہ خون کے رشتے کبھی نہیں ٹوٹاکرتے!!
                                         ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگلے روز شام کو مہرالنساء کو گھر میں موجود پاکر فاروق صاحب کو صورتحا ل سمجھنے میں دیر نہیں لگی تھی، صبح جاتے وقت وہ ماں اور بیوی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر گئے تھے۔ فی الحال وہ منتہیٰ کو ماسٹرز کے لیئے لاہور بھیج رہے ہیں ۔۔۔اُنکا خیال تھا کہ عاصمہ خوش اسلوبی سے بات سنبھال لیں گی مگر یہاں تو الٹا محاذ کھلا ہوا تھا ۔۔۔ !!
بھا ئی مجھے آپ سے ایسی توقع ہر گز نہیں تھی ۔۔ آخر کیا کمی ہے میرے چاند سے بیٹے میں ماشاء اللہ بینک کی جاب ہے۔۔؟  جی پھپو۔بس آپ کے چاند میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تاریکی چھائی رہتی ہے ۔۔ رامین نے ارسہ کے کان میں سرگوشی کی جوپور ی توجہ سے دوسری طرف کی بات سننے میں مصروف تھی ۔۔!!!
مہرالنساء! میں نے انکار ہر گز نہیں کیا میں منگنی کرنے کو تیار ہوں لیکن شادی منتہیٰ کے ماسٹرز کے بعد ہی ہوگی ۔۔!! فاروق صاحب نے بات سنبھالنے کی آخری کوشش کی ۔۔!!
بھائی انکار اور کیسا ہوتا ہے آپ جوان بیٹی کو لاہور ہاسٹل بھیجنے کی بات کر رہے ہیں میرا تو پورا سسرال ایسی لڑکی کو کبھی قبول نہیں کریگا ۔ مہرالنساء کی قینچی جیسی چلتی زبان رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی ۔۔وہ سوچ کر آئی تھیں کہ ہاں کروا کر ہی جائیں گی۔ سو فاروق صاحب کو مداخلت کرنا پڑی۔
آپ سب لوگ سن لیں کہ میں کوئی ایسا فیصلہ ہر گز نہیں کرونگا جس سے میری بیٹی کا مستقبل داؤ پر لگ جائے ۔۔!!!
پہلے تو میں منگنی کرنے پر تیار تھا لیکن اب میری طرف سے انکار ہے ۔۔ میں اپنی بیٹی ایسے لوگوں میں قطعاٌ نہیں دونگا جن کے لیئے اعلیٰ تعلیم باعثِ فخر نہیں بلکہ قابلِ ندامت ہے ۔۔۔ فاروق فیصلہ سنا کر اپنے کمرے میں جا چکے تھے اور پورے گھرمیں قبرستان کا سا سناٹا چھایا ہوا تھا ۔۔۔!!!
کاش ہر مشرقی لڑکی کا باپ بیٹی کے مستقبل کا فیصلہ اپنی مجبوریاں سامنے رکھ کر کرنا چھوڑ دے ۔۔ لڑکی کے ماں باپ لڑکے اور اس کے گھر والوں کے دسیوں عیبوں کو نظر انداز کر تے ہوئے جب ہاں کرتے ہیں تو اُنکے پیشِ نظر صرف ایک یقین ہوتا ہے کہ اُنکی بیٹی ہر دکھ جھیل کر انکا سر جھکنے نہیں دیگی ۔۔!!! بیٹیاں نہ زحمت ہوتی ہیں نہ بوجھ پھر بھی ناجانے کیوں ماں باپ انکی خواہشوں، امنگوں اور سب سے بڑھ کر اُنکی صلاحیتوں کے بر خلاف جلد بازی میں فیصلے کر کے اِنہیں عمر بھر کا روگ لگا دیتےہیں جو لا علاج ہے ، وہ سسکتی ، بلکتی ، رلتی کولہو کا بیل بن کر گھر ، شوہر ، اولاد اور سسرال کی خدمتوں میں ساری عمر بتا دیتی ہیں پھربھی سسرال میں کوئی عزت و قد ر نہیں ہوتی ، شوہر کی محبت اور توجہ کو ترستی بلآخر قبرمیں جا سوتی ہیں ۔ ہمارے معاشرے کی یہ بے جوڑ شادیاں دراصل وہ پنجر ہ ہیں جن میں ایک دفعہ قید ہوجانے والی معصوم لڑ کی کا پروانۂ آزادی پھر موت ہی لیکر آ تی ہے ۔
                                           ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ارمان یوسف کی مردانہ وجاہت اور گریس فل شخصیت اسے ہر جگہ صنفِ نازک کی توجہ کا مرکز بنا دیتی تھی ۔۔ لیکن اِس حوالے اُسکا کیریئر بے داغ تھا ۔۔۔حسن اُسے اَٹریکٹ ضرور کرتا تھا لیکن اُس سے بڑھ کر اسے مخالف صنف کی ذہانت اور کیریکٹر اپیل کرتا تھا ۔ وہ پریوں کے ہجوم میں گھرا ہوا وہ شہزادہ تھا جس کے من کو کوئی بھا تی ہی نہ تھی ۔۔ یونیورسٹی کی الٹرا ماڈرن لڑکیاں تو اسے چلتا پھرتا شادی کا اشتہار لگا کرتی تھیں جو ہر اُس لڑکے کے ساتھ دوستی ، افیئر اور ڈیٹنگ پر آ مادہ تھیں جس کے پاس وہ نیو
ماڈل کی کار ، گلیکسی ایس ۷ یا آئی کور ۹ جیسے سیل فونز اور کریڈٹ کارڈز سے بھرے ہوئی والٹ دیکھ لیتی تھیں ۔۔۔!!!
منتہیٰ کے فیس بک 
cosmology گروپ میں ارمان کو کسی فرینڈ آف فرینڈ نے ایڈ کیا تھا ، اُسکی دوستوں کا خیال تھا کہ جس کسی نے بھی کیا ،،کارِ خیر کیا ۔۔۔ اس قدر ڈیشنگ سا بندہ ہے ، یار منتہیٰ تیرے پاس تو دل ہی نہیں ۔۔۔!!! یمنیٰ ڈیئر دل ، گردے ، کلیجی ، پھیپڑے وغیرہ الحمداللہ سب موجود ہیں ۔۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ میرا دل پمپنگ کا وہی مخصوص کام کرتا ہے جس کے لیئے خدا نے اِسے بنایا ہے اور تم دیکھنا کہ اِسکی لائف ٹائم تم سب کے دلوں سے زیادہ ہوگی کیونکہ یہ فضول کاموں میں پڑ کر اپنی انرجی ضائع نہیں کرتا ۔۔۔۔ہمیشہ کی طرح لوجیکل اور to the point جواب حاضر تھا۔۔ جس پر اُسکی فرینڈز سر پیٹ لیا کرتی تھی ۔۔۔!!
یار مینا بندے کو اتنا بھی پریکٹیکل نہیں ہونا چاہیے کہ عین جوانی میں ۶۰ سال کا کوئی خبطی پروفیسر لگنے لگے ۔۔ ہونہہ یہ فاریہ تھی منتہیٰ کی بیسٹ فرینڈ ۔ ارے ہاں!! خبطی پروفیسر سے یاد آیا کہ یہ جو ارمان یوسف ہے نہ اسکے والدِ بزرگوار 
PUمیں سینیئر پروفیسر ہیں فزکس ڈیپارٹمنٹ میں ۔۔۔ اور منتہی ٰ جو لائبریری جانے کے لیئے اٹھنے ہی لگی تھی چند لمحوں کے لیئے اپنی جگہ منجمد ہوئی!! پنجاب یونیورسٹی اُسکی اگلی منزل ۔۔۔ارے واہ!! یہ تو کمال ہو گیا ۔ چلو دیکھیں گے یہ تمہارے شہزادۂ گلفام کتنے پانی میں ہیں ، یہDp کسی کی اُڑا کر نہ لگائی ہو تو میرا نام بدل دینا ۔۔ منتہیٰ نے مضحکہ اُڑایا۔۔!!
مینا 
It is not fair پہلی بات تو یہ کہ اُس بندے کی پروفائل ہرگز فیک نہیں ہے اور دوسری بات یہ کہ اُس نے ہمارےگروپ میں جگہ اپنی ذہانت سے بنائی ہے ورنہ تم جیسی خبطی ، سڑیل ایڈمن کب کی اسے کک آ ؤٹ کر چکی ہوتیں ۔۔ ہونہہ فاریہ نے اسے آئینہ دکھا یا ۔۔ لیکن فی الحال وہ کوئی آ ئینہ دیکھنے کے موڈ میں نہیں تھی سو برے برے منہ بناتی ہوئے لا ئبریری کی طرف قدم بڑھا دیئے ۔۔۔!!
                                          ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں ٹاپ ۱۲۰ 
IQ رکھنے والی منتہیٰ دستگیر کے لیئے کچھ غیر معمولی نہ تھا ۔۔۔ اگرچہ یہاںگزارے  ہوئے چار سال اسکی زندگی کے بہترین سالوں میں سے تھے ۔۔ یہاں وہ سب کچھ سیکھنے کو ملا تھا جو ایک مضبوط عمارت کی بنیاد کے لیئے اشد ضروری ہوتا ہے ۔۔۔ پاکستان کا تعلیمی نظام عموماٌ تنقید کی ضد میں رہتا ہے جس کی ایک بڑی وجہ وہ کالی بھیڑیں ہیں جو ہر شعبۂ زندگی کی طرح تعلیم جیسے مقدس پیشے کو بھی دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں ۔ ۔جنکا مقصدِ حیات نوجوان نسل کی اعلیٰ پیمانے پر تربیت کے بجائے صرف لوٹو، اور بینک بیلنس بناؤ ہے ۔اِس کے با وجود دیکھنے میں آ یا ہے کہ جو جینیئس مائنڈ ز دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنے ہیں اُنکا تعلق معاشرے کے نچلے طبقے سے تھا ۔۔جنھیں ابتدائی تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر میسر تھی لیکن ٹیلنٹ اپنی جگہ اور پہچان ہمیشہ خود بناتا ہے۔۔یہ گدڑی میں چھپے ہوئے وہ لال تھے جنھوں نے نا مساعد حالات کے باوجود ساری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ۔۔ اور پاکستان کے افق پر طلوع ہونے والے (Nebula)میں ایک ستارہ منتہیٰ دستگیر بھی تھی ۔۔۔!!!
                                        ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فاریہ کے بر عکس منتہیٰ پنجاب یونیورسٹی میں بھی پہلے جیسے پر سکون ہی تھی ۔۔ اُسے نہ کلاسز شیڈول دردِ سر لگا تھا نہ لاہور کی  شدید گرمی نے اُسکے اوسان خطا کیئے تھے ۔۔حتیٰ کے ہوسٹل کے میس کا بیکار سا کھانا بھی وہ مطمئن ہوکر کھا لیا کرتی تھی ۔۔۔ جبکہ فاریہ کی سارا دن کمینٹری جاری رہتی تھی ، کبھی گھر کا کھانا ، کبھی آرام ، کبھی گھر والے حتیٰ کی اپنی پالتو بلی میشا بھی اُسے دن  میں۵۰ دفعہ یاد آتے اورہر دفعہ وفورِ جذ بات سے آنکھیں بھر آیا کرتی تھیں، جنھیں اب مینا مینڈک کے آ نسو ؤ ں سے تشبیہہ دیاکرتی تھی، ہر وقت ٹر ٹر کرنے والی فاریہ کسی مینڈک سے کم بھی نہ تھی ۔۔ سکائپ اور واٹس اپ کے ذریعے گھر والوں  سے مستقل رابطہ تھا ۔۔ رات میں ابو بھی اُس سے تفصیلاٌ حال چال پوچھا کرتے تھے ۔۔ نئی جگہ پر جو بھی مسائل پیش آرہے تھے ابو کے پاس اُنکا فوری حل موجود ہوتا تھا ۔۔ فاروق صاحب نے اُسے ہاسٹل چھوڑتے وقت کوئی بہت لمبے لیکچرز نہیں
دیئے تھے۔۔!!!
بیٹیاں ماں باپ کا مان بھی ہوتی ہیں اور فخر بھی ۔۔ یہی بیٹی اپنی تربیت کا حق ادا کرتے ہوئے اپنے قدموں کو بہکنے سے بچاتی ہے ۔۔ ہمیشہ یہ یاد رکھنا کہ عورت کردار کے بغیر باسی روٹی کی طرح ہوتی ہے جسے ہر کوئی چھان بورے میں ڈال دیتا ہے  ہر لڑکی کے لیئے سب سے اہم اُسکا وقار ہے ۔۔ عورت ذات کو اللہ تعالیٰ نے چھٹی حس اتنی تیز دی ہے کہ وہ کسی بھی مرد کی نظروں  سے اپنے بارے میں اسکی نیت کو جان لیتی ہے ، یہ صلاحیت اللہ نے اُسے اِس لیئے دی ہے کہ وہ جان سکے کہ کون اسکے لیئےاچھا ہے اور کون برا ۔۔میں تمہارا باپ اپنی معصوم کلیوں کے لیئے آخری حد تک حساس ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ تمہاری منزل  بہت آگے ہے۔ا ب تمہیں اپنی اور اپنے باپ کی عزت کی حفاظت از خود کرنی ہے ، بہت سی رکاوٹیں تمہارے راستے میں آ ئیں گی، قدم قدم پر بھیڑیے تمہیں راستہ روکے ملیں گے ۔۔ لیکن میری جان !! جو صرف اللہ پرکامل بھروسہ رکھتا ہے تو میرا رب اسکی
ہر مشکل کو آسانی میں بدلنے کی قدرت رکھتا ہے !!!!
                                             ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدیوں پہلے جب نیوٹن نے یہ ثابت کیا تھا کہ حسابی مساواتوں کو حیرت انگیزطور پر اجسام کے زمین اور خلا میں باہمی تعلق کو بیان کرنے کے لیئے استعمال کیا جا سکتا ہے تو یہ امید ہو چلی تھی کہ مستقبل قریب میں کسی نئی سپیشل تھیوری اور انتہائی طاقتور اعداد و شمار کی صلاحیت کے ذریعے کائنات کے مستقبل کو آشکار کرنا ممکن ہوگا ۔ وقت کے بہتے دھارے کیساتھ نئی تھیوریزسامنے آتی چلی گئیں اور آج انسان ٹیکنالوجیکل میدان میں بہت آگے نکل چکا ہے ۔( 
Nano ) ٹیکنالوجی اورآرٹیفیشل انٹیلیجنس(Artificial intelligence) نے جیسے وقت کو انسان کی مٹھی میں قید کر دیا ہے ۔۔۔ sir can I interrupt ? ?سر انور نے اپنی ناک پر ٹکی عینک کے پیچھے سے منتہیٰ کو گھورا۔۔ اپنی سخت طبیعت کی وجہ سے وہ سر ہٹلر کے نام سے مشہور تھے کسی کی مجال نہیں تھی کہ لیکچر کے دوران مداخلت کرے مگر وہ منتہیٰ ہی کیا جو کسی کا رعب قبول کر لے۔۔!!
you have already so go ahead plz.... مینا پرسر انور کی ناگواری کا کچھ خاص اثر نہیں ہوا تھا ۔۔
سر جیسا کہ آپ نے کہا۔ کہ نئی تھیوریز اور ٹیکنالوجی کی تمام تر ترقی بھی حتمی طور پر انسان کو اُس کے مستقبل کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر ہے ۔۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے اپنا ماضی کو پوری طرح کھوج لیا ہے؟ ؟کیا انسان نے اپنے  حال کو مکمل محفوظ اور پائیدار بنا لیا ہے؟؟ کیونکہ مستقبل پر کمندیں ڈالنے کا حق تو وہی رکھتے ہیں جنکی بھرپور نظر اپنے ماضی  اورحال پر ہو ۔۔۔!!! سر انور نے کچھ غور سے اِس دھان پان سی لڑکی کو دیکھا ۔۔ یس آج کا انسان اپنے ماضی سے کافی حد تک آگاہی حاصل کر چکا ہے ۔۔۔ یہاں تک کے وہ اُس سادہ ترین خلیے کی سا خت تک سے واقف ہے جس سے زمین پر زندگی کی ابتدا ہوئی ۔۔۔!!! 
And what about present Sir ??
کہیں ایسا تو نہیں کہ ماضی اور مستقبل کو جاننے کی جستجو میں انسان اپنے حال سے غافل ہو گیا ہے؟؟؟ اسے اپنے ارد گرد بھوک ، جہالت اور پسماندگی کی نچلی ترین سطح پر جیتے زمین کے باسی نظر نہیں آ تے ۔۔وہ اربوں ڈالراُس ماضی کی کھوج لگانے پر اُڑا رہا ہے۔۔ جس کی ایک جھلک وہ افریقہ میں ٹیکنالوجی کے نام سے نا بلد وحشی قبائل میں با آسانی دیکھ سکتا
ہے ۔۔۔!!! اِس سے پہلے کے ڈسکشن آگے بڑھتی پیریڈ ختم ہو چکا تھا ۔۔ لیکن کلاس سے جاتے ہوئے سر انور نے ایک گہری ستائشی نظر منتہیٰ پر ڈالی تھی ۔۔ ۱۲۰ کا آئی کیو رکھنے والی یہ لڑ کی ابتدا ہی سے سب اساتذہ کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا چکی تھی ۔جس طرح وہ لیکچر روم میں ہی نہیں مختلف سیمینارز اور ورک شاپس میں پوائنٹ اٹھایا کرتی تھی وہ سبجیکٹس پر اسکی گہری دسترس کی غماز تھی، ورنہ عموماٌسٹوڈنٹس اہم موضوعات کو سطحی طور پر سمجھ لیا کرتے ہیں لیکن منتہیٰ ہر چیز کو اسکی 
origin سے سمجھنے کے لیئے بلا جھجک سوال کیاکرتی تھی ۔۔۔!!!
یار مینا کبھی اِن کتابوں کی جان چھوڑ دیا کر، یہ دیکھ الحمراء میں سٹوڈنٹس کے آرٹس اور پینٹنگ 
exhibition ہو رہا ہے ۔۔اور انرولمنٹ میں صرف دو دن باقی ہیں ۔۔۔لیکن جواب ندارد منتہیٰ اُسی تندہی سے اپنی اسائنمنٹ مکمل کرنے میں لگی رہی ۔۔ سو  فاریہ کے پاس پلان ٹو تیار تھا ، مینا کی یونیورسٹی اور پرسنل ای میلز اُسکے علم میں تھیں۔۔ چند ہی منٹ میں وہ منتہیٰ کی انرولمنٹ کروا کر چپس ٹھونگتے ہوئے الحمراء ایڈونچر کے تھرل کے بارے میں سوچ رہی تھی ۔۔۔۔!!
دو دن بعد ہاسٹل واپسی پر بڑا سا 
TCS پارسل منتہیٰ کا منتظر تھا ۔۔۔ وارڈن سے پارسل لیکر یہ سوچ کر کمرے میں اٹھا لائی کے ارسہ اور رامین نے شائد کوئی گفٹ بھیجا ہو ۔۔۔ لیکن ۔۔۔ اگلے لمحے وہ تکیہ اٹھا کر فاریہ پر پل پڑی ۔۔ کمینی مجھے بتائے بغیر۔ لینگویج پلیز میڈم ۔۔ فاریہ بگڑی ۔۔ آ پ کو تو میرا شکر گزار ہونا چاہیئے کہ ما بدولت نے آپ کا قیمتی وقت بچاتے ہوئے یہ کارخیر سر انجام دیا ۔۔۔ہونہہ ما بدولت کی بچی ۔۔ اب تم الحمراء جانے کا کارِ خیر بھی خود ہی کر لینا سمجھیں ۔۔ میناکا تھکن سے برا حال تھا ۔۔ چند ہی منٹ بعد وہ گھری نیند میں تھی ۔۔!!! اور فاریہ پارسل کھول کر پینٹنگ کا جائزہ لینے میں مصروف تھی ۔۔!!
                                               ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایگزیبیشن کے لیئے پینٹنگ جمع کروانے کا اُس روز آخری دن تھا ۔۔ وہ پیریڈڈراپ کر کے الحمراء پہنچی۔۔ تو اُنکی توقع کےعین مطابق ریسیپشن پر خاصہ رش تھا ۔۔۔ مینا کو کوفت ہوئی۔ فاریہ بس واپس چلتے ہیں بھاڑ میں جائے کمپیٹیشن ۔۔۔ہونہہ اُف منتہیٰ تھوڑی سی دیر کی بات ہے ۔۔ 
chill yaar کوئی آدھا گھنٹہ انتظار کے بعد خیر سے اُنکی باری آئی ۔۔پینٹنگ جمع کروا کر مینا اب تیزی سے نکلنے کو تھی کہ فاریہ کے قدم کچھ فاصلے پر کھڑے دو لڑکوں کو دیکھ کر تھمے۔۔!! منتہیٰ نے اُسے غصے سے کھینچا ۔۔فاریہ جلدی نکلو یہاں سے ۔۔
مینا یار رک وہ دیکھ سامنے جو بوائز کھڑے ہیں اُن میں سے ایک ارمان یوسف لگتا ہے ۔۔۔؟؟ شٹ اپ فاریہ ایک تو تم سارے مینرز بھلا کر بوائز کو اِس طرح گھور رہی ہو ۔۔ ارمان یا جاپان یوسف جو بھی ہو ۔۔ جہنم میں ڈالو اور نکلو یہاں سے ۔۔۔ مینا نے اُسے بری طرح گھرکا ۔۔!!
منتہیٰ بی بی آ پکو یاد ہے ایک دفعہ یو نیورسٹی میں آ پ نے کہا تھا ۔۔۔۔ اگر یہ ڈی پی اِس نے کسی کی اڑا کر نا لگائی ہو تو میرا نام بدل دینا ۔۔!!
مینا نے فاریہ کو کھا جانے والی نظروں سے گھورا ۔۔ ایک تو تمہیں پتا نہیں کب کب کی باتیں یاد رہتی ہیں ۔۔ ہونہہ ۔۔تم چل رہی ہو یا میں اکیلی چلی جاؤں ۔۔؟؟
تم باہر پانچ منٹ میرا انتظار کرو میں آتی ہوں۔۔۔ اِس سے پہلی کہ منتہیٰ اُسے مزید گُھرکتی۔۔ فاریہ اعتماد سے قدم اٹھاتی اُن دولڑکوں کی طرف بڑھ چکی تھی جو اُن سے بے نیاز گفتگو میں مصروف تھے ۔۔ اور منتہی ٰ سینے پر ہاتھ باندھے محوِ تماشہ تھی۔۔ اُسے ۱۰۰ فیصد یقین تھا کہ فاریہ کے ساتھ بہت بری ہونے والی ہے ۔۔۔
ایکسکیوز می ۔۔ اگر میں غلطی پر نہیں تو آپ ارمان یوسف ہیں ؟؟
کچھ حیرت سے فاریہ کو دیکھتے ہوئے اُس لڑکے نے اثبات میں سر ہلایا جی میں ارمان ہی ہوں سوری میں نے آپکو پہچانا نہیں کیا ہم پہلے کہیں مل چکے ہیں؟؟
ہم۔۔۔۔ لمبی سی ہم کرتے ہوئے فاریہ نے دور کھڑی محوِ تماشہ مینا کو معنی خیز مسکراہٹ سے نوازا۔۔ ایکچولی بالواستہ تو یہ ہماری پہلی ملاقات ہے لیکن فیس بک پر ہم ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے ہیں ۔۔ میں فاریہ انعام ہوں۔۔ ارمان نے دماغ پر زور ڈالا ۔۔ یہ نام۔۔ فاریہ انعام ۔۔؟؟
اور وہ جو کچھ فاصلے پر ایک لڑکی کھڑی ہے نہ وہ میری بیسٹ فرینڈ منتہیٰ دستگیر ہے ۔۔ اُسے سوچتا دیکھ کر فاریہ نے تیر چھوڑا۔
اور پھر لمحے ہی تو لگے تھے ارمان کو بوجھنے میں۔۔ اُس نے تیزی سے مڑ اِس لڑکی کو دیکھا جو بظاہر دوسری طرف متوجہ تھی۔۔
جی مجھے یاد آیا کچھ عرصے پہلے تک آپ لوگوں سے فیس بک پر لمبی لمبی ڈیبیٹس ہوا کرتی تھیں ۔۔۔ آپ سے ملکر خوشی ہوئی کہیے یہاں کیسے آنا ہوا ؟؟ ارمان نے خوش اخلاقی سے جواب دیا  ہم یہاں کنٹیسٹ کے لیئے منتہیٰ کی پینٹنگ جمع کروانے آئے تھے ۔۔ فاریہ نے مڑ کر دیکھا منتہیٰ باہر جاچکی تھی ۔۔ آج تیری خیر نہیں بچو ۔۔۔ اُس نے اب منتہیٰ کا فل ریکارڈ لگانا تھا ۔۔
ہم بھی ارمان کی پینٹنگ جمع کروانے آئے تھے ۔۔۔ یہ ارحم تنویر تھا ۔۔ فاریہ کو پہچاننے میں دیر نہیں لگی  اوہ ریئلی پھر تو زبردست کنٹسیٹ رہے گا 
lets see who will win ?? فاریہ حسبِ عادت منٹوں میں ایکسائٹ ہوئی ۔۔!!
آپ لوگ کیا کپمیٹیشن کے لیئے لاہور آ ئی ہیں ۔۔ ارحم نے دریافت کیا فاریہ کی طرح اسے بھی فرینک ہونے میں منٹ ہی لگتے تھے جبکہ ارمان ریزرو تھا ۔۔نہیں ہم تو اب یہیں پائے جاتے ہیں پنجاب یونیورسٹی میں ۔۔ سر یوسف بہت ہی متاثرکُن شخصیت رکھتے ہیں اب کی اُسکاارمان تھا ۔۔
Thanks .. and goodluck both of you ....
فاریہ کو ایک دم منتہیٰ یاد آ ئی ۔۔ تیزی سے شکریہ اور الوداعی کلمات کہتے ہوئے اُس نے باہر دوڑ لگائی حسبِ توقع مینا عریب قریب کہیں بھی نہ تھی ۔۔ فل سپیڈ میں بھاگ کر فاریہ مین انٹرینس تک پہنچی ۔۔ منتہی گیٹ سے باہر ایک طرف جاتی نظر آ ئی۔۔
ایک تو تم انتہائی فضول لڑکی ہو فاریہ نے پھولی سانس کو بمشکل ہموار کیا ۔۔۔تم سے کم ۔۔ سپاٹ چہرے کے ساتھ مختصر جواب آ یا  خوش فہمی ہے تمہاری ہونہہ ۔۔۔۔ تم پانچ منٹ انتظار نہیں کر سکتی تھیں ۔۔؟؟
پانچ منٹ انتظار میں نے کیا تھا فاریہ بی بی ۔۔ مینا نے اُسے جتایا ۔۔
وہ مجھے پتا ہے کہ تم وہاں کیوں رکی تھیں ۔۔ ہونہہ ۔۔ ویسے تمہاری اطلاع کے لیئے عرض ہے کہ فاریہ تو ارمان یوسف کو بھول گئی تھی لیکن منتہیٰ دستگیر اُسے سیکنڈوں میں یاد آئی ۔۔فاریہ نے شرارت سے دیدے نچائے ۔۔ کیا؟؟؟؟؟ تم نے اُسے میرے بارے میں بتایا ؟؟منتہیٰ کا پارہ آسمان کو پہنچا  ہاں تو اِس کیا حرج تھا ۔۔ فیس بک پر تو وہ تمہیں جانتا ہی تھا نہ ۔۔تم فیک نہیں جو میں چھپاتی ۔۔۔ اُف۔۔!!! فاریہ تم انتہائی درجے کی احمق اور ڈفر لڑکی ہو ۔۔ مینا کا بس نہیں چل رہا تھا کی فاریہ کو کچا چبا جائے۔۔ اچھا چلو غصہ تھوک دو ۔۔۔ آ ؤ تمہیں (
Ice curl) کی مزیدار آئس کریم کھلاتی ہوں ۔۔۔ فاریہ پر مینا کی ڈانٹ پھٹکار کا کچھ خاص اثر نہیں ہوتا تھا ۔۔۔
                                         ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الحمراء آ رٹس ایگزیبیشن کا رزلٹ منتہیٰ کے لیئے حیران کن تھا ۔۔ پیٹنگ ہمیشہ سے صرف اسکا شوق رہی تھی ۔اُس کے با وجود  فرسٹ پرائز ۔۔ فاریہ کا تو بس نہیں چل رہا تھا کہ خوشی سے نعرے لگائے ۔۔۔اُسکی ایکسائٹمنٹ دیکھ کر اب منتہیٰ جلدی یہاں سے نکلنے کے چکر میں تھی۔۔۔کہ پیچھے سے آتی آواز نے اُنکے قدم روکے۔۔
ہیلو مس فاریہ ۔!! یہ ارحم تنویر تھا ۔۔ ارے آپ لوگ فرسٹ پرائز جیت کر بھی اتنی جلدی جا رہی ہیں ۔۔ غالباٌآپ لوگوں کے علم میں نہیں کہ یہاں لوگ منہ مانگے داموں پینٹنگز خرید لیا کرتے ہیں ۔۔ اَرحم نے انہیں آگاہ کرنا ضروری سمجھا۔ اور منتہیٰ کے تو پاؤں کو لگی سر تک جا پہنچی ۔۔۔ مسٹر (
xyz) ہمارا اپنی پینٹنگ سیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔۔’’ دنیا میں ہر چیز بکنے کے لیئے نہیں ہوتی ۔۔ کچھ چیزیں بے مول ہوتی ہیں ۔۔‘‘ درشتی سے اَرحم کو جھڑکتی وہ آگے بڑھ چکی تھی ۔۔ پلیز آپ مائنڈ مت کیجیے گا یہ میری فرینڈ خاصی بد لحاظ ہے ۔۔ فاریہ نے ایکسکیوز کی  اِٹس اُوکے ۔۔ میرے پاس مائنڈ ہی نہیں اَرحم نے دانت نکالے۔۔
اچھا پھر تو آپ ہمارے ہی قبیلے سے ہیں۔۔ آپ سے ملکر خوشی ہوئی !!! ویسے آج آ پ کے دوست نظر نہیں آ رہے ۔۔؟؟
ارمان ۔۔؟؟ وہ ابھی تو یہیں تھا ۔۔ اَرحم نے اِدھرُ ادھر نظر دوڑائی ۔۔
ویسے آپکی دوست کی پینٹنگ تھی بہت زبردست اِنھیں پروفیشنلی اِس طرف آنا چا ہیئے ۔۔ یہ جو میری دوست منتہیٰ ہے نہ۔۔اللہ نے اِسے ٹھونس ٹھونس کے صلاحیتیں دی ہیں ماشاء اللہ ۔۔ اُوہ آئی سی ۔۔
Then she really deserve such flatuance۔۔ اَرحم نے دانت نکالے ٹھیک اُسی وقت فاریہ کے سیل پر مینا کا ٹیکسٹ آ یا ، اب اگر میں اکیلی چلی گئی تو تمہیں ٹریٹ سے ہاتھ دھونے پڑیں گی ۔۔۔ اور فاریہ نے اللہ حافظ کہتے ہوئے باہر دوڑ لگائی ۔۔ اُنکی شرط لگی تھی کہ جیتنے پر مینا ٹریٹ دیگی ۔۔۔
                                       ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیکنڈ سمسٹر کا آ غاز تھا ۔۔ ۔ 4.0 
GPA کیساتھ منتہیٰ کی کلاس میں پوزیشن کچھ اور مستحکم ہو چکی تھی ۔۔۔ آپ میں سے کوئی جانتا ہے کہ کائنات کی حقیقت کی بارے میں آئن سٹا ئن کا مشہور Quote کونسا ہے ۔۔سر یوسف نے ساری کلاس کی طرف استفہامیہ انداز میں دیکھا ۔۔ پہلا بلند ہونے والا ہاتھ حسبِ سابق منتہیٰ کا تھا ۔۔ یس۔ یُو۔ مِس۔
سر نے اُسے اشارہ کیا !! سر آ ئن سٹائن کا کہنا تھا کہ کائنات کی سب سے بڑی قابلِ فہم حقیقت یہ ہے کہ۔ یہ نا قابلِ فہم ہے ۔۔۔ رائٹ یو نو ۔۔ ۔کہ آئن سٹا ئن نے صرف ۲۶ برس کی عمر میں اپنا وہ پہلا ریسرچ پیپر لکھا تھا جو بلآ خر کوانٹم فزکس اور ایسٹرونامی کی بنیاد بنا ۔۔ حالانکہ اُس وقت نہ تو ٹیکنالوجی کی اتنی سہولیات میسر تھیں نا ہی اُس کے پاس کوئی باقاعدہ لیبارٹری تھی ۔۔ اِس  کے با وجود آئن سٹائن کی تھیوریز اتنی 
accurate ہیں کہ آج ہبل (Hubble)اور کیک( (keckجیسی پاورفل ٹیلی سکوپس کے ذریعے ہونے والی تحقیقات سے اِن تھیوریز کی تصدیق ہو رہی ہے جس کی تازہ ترین مثال LIGO پروجیکٹ ہے جس میں خوش قسمتی سے ہمارے دو ہم وطن بھی شامل تھے۔
Sir! would you further explain Einstein Gravitational waves ??
سر نے منتہیٰ کی پسند کا موضوع چھیڑا تھا سو اُسکی دلچسبی عروج پر تھی ۔
شیور ۔۔ ایسا ہے کہ لیگو کی ٹیم نے کئی برس کی اَن تھک محنت کے بعد دو انتہائی (
massive) زیادہ ماس والے بلیک ہولز ڈیٹیکٹ کیئے جو آپس میں مدغم(merge) کر رہے تھے اِس سے جو گریویٹیشنل ویوز ڈیٹیکٹ کی گئی اِن سے نا صرف آئن سٹائن کی تھیوریز کی تصدیق ہوئی بلکہ ِ انہوں نے ایسٹرونامی میں ایک نئی جہت متعارف کروائی۔۔۔ اِن موجوں کے ذریعے پہلی تصدیق تو یہ ہوئی کہ کائنات کی ابتدا Singularity تھی یعنی بگ بینگ ۔۔ مزید یہ کہ ہم انِ موجوں کے ذریعے ماضی میں جا سکتے ہیں اور اپنے سوال کا جواب تلاش کر سکتے ہیں کہ کا ئنات کی ابتدا کب اور کیسے ہوئی ؟؟ یہ وہ سوال ہے جس نے ماہرِ فلکیات ہی نہیں ہر اُس شخص کے دماغ کو جکڑا ہوا ہے جو صرف کھانے، پینے ، سونے جاگنے اور ز ندگی سے لطف اٹھانے کے لیئے نہیں جیتا بلکہ اُسکا ذہن اپنے ماحول ، خدا کی اِس وسیع کائنات ، اجرامِ فلکی غرض یہ کہ ہر شے کی حقیقت کو سمجھنے کی جستجو کرتا ہے ، عموماٌ سائنس اور مذہب دو بلکل الگ تھلگ ایسے آ پشنز تصور کیئے جاتے ہیں جو ایک دوسرے کی ضد ہیں ۔۔۔ حا لانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ آ پ قرآن پڑھیے ۔۔ اللہ تعالیٰ نے سب سے زیادہ جس کائناتی مظہر پر غور و فکر کے بارے میں  کہا ہے وہ اجرامِ فلکی ہیں ، بار بار ایک ہی سورت میں ، کچھ سورتوں بعد لوٹ کر پھر انہی چاند، سورج ، ستاروں کا ذکر آ جا تا ہے میں مذ ہبی آدمی ہر گز نہیں ہوں اور نہ ہی میں نے فزکس کو اسلام سے ریلیٹ کر کے پڑھنے کی کوشش کی ہے کیو نکہ عموماٌ  ایسٹرونامی کو ما بعد الطبیعات ۔۔حقیقت سے ما وراء علوم میں شمار کیا جاتا ہے ۔۔۔
سر کیا میں مداخلت کر سکتا ہوں ؟؟ یہ فواد تھا یس یو کین ۔۔ سر نے خوش دلی سے اجازت دی سر ایسا ہے کہ جب ہم سائنس کو اسلام سے ریلیٹ کر کے پڑھتے ہیں تو یو نو کہ یہ مطالعہ ہمیں دہریت(
Materialism)  کیطرف لیکر جاتا ہے کیونکہ ایسٹرو فز کس خدا کے وجود کا انکاری ہے ۔۔!!!
Good point you raise ...
سر کے لہجے میں ستائش تھی ۔۔ لیکن میں چاہوں گا کہ اِسکا جواب اپنی اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق آپ لوگ خود سوچیں یہ آ پ لوگوں کی کل کی اسائنمنٹ ہے انشاء اللہ کل اِس کو ڈسکس کریں گے ۔۔ سر یوسف نے مسکراتے ہوئے پوری کلاس کے فق چہروں کو دیکھا ۔۔لیکن اِن میں ایک چہرہ بلکل پر سکون تھا ۔۔۔!!!
۔                                       ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اُن کا تیسرا ٹا کرہ یونیورسٹی آف پنجاب کے سٹیلائٹ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ سینٹر کی ایک ورک شاپ میں ہوا ۔۔۔ سپارکو (
suparco) کے تعاون سے قائم کیا گیا یہ سینٹر پنجاب میں سپیس سے متعلق واحد سورس ہے ۔۔ چند دن پہلےفیس بک پر قدرتی آ فات میں کارگر ریموٹ سینسنگ کی ٹیکنیکس
Remote sensing information and communication technalogies
for disaster managment .
پر ہونے والی ایک ورک شاپ کا ایونٹ نظر سے گزرا تھا ۔۔ منتہیٰ ایک بڑا مسئلہ ٹا ئمنگ تھا وہ سب پیریڈز چھوڑ سکتی تھی لیکن  سر یوسف کا پیریڈ ۔۔۔ نا ممکن۔۔ ۔۔۔ اب تو کسی صورت بھی نہیں جب سر نے اتنے دلچسب موضوع پر اسائنمنٹ دی ہوئی تھی ۔۔۔ڈیپارٹمنٹ کی سیڑھیوں پر وہ سب سے الگ بیٹھی اِسی اُدھیڑ بن میں لگی ہوئی تھی جبکہ فاریہ ، انعم ، سمین او ر باقی کلاس فیلوز فضول گپیں ہانک رہے تھے ۔۔۔ مسٹر فواد! کیا آپ ہمیں اپنا پوائنٹ آ ف ویو بتانا پسند کریں گے تاکہ ہم بھی اسائنمنٹ بنا سکیں ۔۔ یہ انعم تھی
بلکل نہیں مفت میں تو میں کسی کو پانی بھی نہیں پلاتا ۔۔ فواد نے دانت نکالےچل اوئے تجھے ہر وقت کھانے پینے کی پڑی رہتی ہے تجھے کہا کس نے تھا سر سے یہ سوال پوچھنے کو؟ منیب نے فواد کو ایک دھپ رسید کی۔۔۔!!! ہونہہ لو کہنا کس نے تھا ۔۔ تم لوگ خود کبھی کورس کے علاوہ فزکس سے ریلیٹڈ
Stuff بھی پڑھ لیا کرو ۔۔ فواد نے برا سا منہ بنایا
اُف!!!! کورس کی بکس کیا کم ہیں دماغ کی چولیں ہلانے کو ۔۔ میں تو اُس وقت کو کوستی ہوں جب بی ایس میں فزکس رکھاتھا ۔۔ بھلا فاریہ کب کسی سے پیچھے رہنے والی تھی ۔۔
اور اِن سب کی فضول بکواس سے لا تعلق بیٹھی منتہیٰ جو گوتم بدھ کی طرح گہری سوچ میں غرق تھی یکدم چونک کر اٹھی اے مینا تم کہاں چلیں فاریہ نے پیچھے سے آواز لگائی ۔۔ میں ذرا ڈیپارٹمنٹ لائبریری تک جا رہی ہوں تم لوگ باتیں کرو ۔۔
مڑے بغیر جواب دیکر منتہیٰ نے قدم بڑھائے ۔۔
یار فاریہ تو منتہیٰ سے پوچھ نا ا س کو لازمی صیحح جواب کا آتاہوگا ۔۔ سمین نے فاریہ کے کان میں سرگوشی کی  پتا تو ضرور ہوگا میری جان پر وہ گھُنی بتائے گی کب ۔۔ ہونہہ تم رات کو اُس کی اسائنمنٹ پار کرکے نوٹس لے لینا، پھر فرسٹ پیریڈ ڈراپ ۔۔ ہم کچھ نا کچھ بنا ہی لیں گے ۔۔ سمین نے اسے راہ دکھائی ۔۔۔  بی بی سمین ابھی تو میری شادی بھی نہیں ہوئی اتنی جلدی قتل ہونے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ۔۔ فاریہ نے صاف انکار کیا ۔۔ وہ منتہیٰ کی رگ رگ سے واقف تھی ۔ ویسے یار سر یوسف اتنے زِیرک ہیں کہ چیٹنگ پکڑ ہی لیں گے ۔۔ بہتر ہے کہ ہم اپنے ننھے منے دماغوں پر کچھ زور ڈالیں ۔۔تھوڑی مدد گوگل انکل کر دیں گے ۔۔ انعم نے جیسے فیصلہ صادر کیا چلو آ ؤ کچھ پیٹ پوجا کریں تاکہ دماغ کچھ سوچنے کے قابل ہوں اور سب کینٹین کی طرف چل دیں۔۔
ٹھیک اسی وقت منتہیٰ نے سر یوسف کے آفس ڈور پر ناک کیا ۔۔۔
may I come in sir ??
سر یوسف جو اپنے لیپ ٹاپ پر بزی تھے ۔۔ چونک کر سر اٹھایا یس !!
سر مجھے آپ سے کچھ ضروری بات کرنی ہے ۔۔ میں آپکا زیادہ ٹائم نہیں لونگی۔۔ جسٹ فائیو منٹس پلیز ۔۔
اُوکے 
Go ahead ۔۔ سر نے خوش دلی سے کہا
سر کل سپارکو کے ریسرچ سینٹر میں ایک ورک شاپ یونیورسٹی ٹائمنگ میں ہے ۔ میں آ پکا پیریڈ ہر گز مس نہیں کرنا چاہتی اورجو  اسائنمنٹ آپ نے دی ہے اُس کے بعد تو کسی صو رت بھی نہیں ۔۔ لیکن میں ورکشاپ بھی اٹینڈ کرنا چاہتی ہوں ۔۔اِٹس اے نائس چانس فار می۔۔ سر کیا آپ یہ ڈسکشن ایک دن کے لیئے ملتوی کر سکتے ہیں ؟؟ اب کے لہجے میں قدرے گھبراہٹ تھی۔
اور سر یوسف کے لبوں پر بے اختیار ایک گہری مسکراہٹ آئی تھی ۔۔ ایسے سٹوڈنٹس ہمیشہ سے اُنکی خاص توجہ کا مرکز ہوتے تھے  جو لرننگ کا ایک چھوٹا سا موقع بھی ضائع نہیں جانے دیتے ۔۔ ایک بہترین استاد جانتا ہے کہ اُسکی کلاس میں کتنے طلبہ ایسے ہیں  جو ڈگری کے لیئے پڑھ رہے ہیں جنکی تعداد عموماٌزیادہ ہوتی ہے ، اِن سے کچھ کم، شوق اور لگن کے ساتھ اپنے سبجیکٹ سے اٹیجڈ ہو کرپڑھتے ہیں۔۔ جنکا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں ہوتا بلکہ ایک ایسی ڈگری جو نا صرف انکے مستقبل کو تابناک بنان
میں کارگو ثابت ہو ،بلکہ جس سے اُنکے دل و دماغ پر آگاہی کے نئے دَر بھی وا ہوں ۔۔ جبکہ ایسے سر پھرے سٹوڈنٹس کی تعداد آ ٹے میں نمک کے برابرہوتی ہے جو صرف اور صرف اپنی علم کی پیاس بجھانے کے لیئے پڑھتے ہیں ۔۔وہ ڈگریوں اور سرٹیفیکیٹس کے انبار میں بھی خود کو بحرِ علم کے کنارے کھڑا پیاسا ہی تصور کرتے ہیں ۔۔اور منتہیٰ کی صورت میں سر یوسف کو بھی ایک ایسا ہی نادر شاگرد نظر آ رہاتھا ۔۔۔!!!!
yes, I can but on a condition ..!!
اُنکی گہری نظریں منتہیٰ کے چہرے پر تھیں ۔۔ اُوکے تھینک یو سر۔ آ ئی ول ٹرائی مائی بیسٹ ۔۔  سر یوسف نے ایک سادہ کاغذ اور پین اسکے سامنے رکھتے ہوئے کہا ۔۔ آپ کے پاس پانچ منٹ ہیں آ پ کو اسائنمنٹ کا مختصر لیکن مدلل جواب ابھی یہیں میرے سامنے لکھنا ہے !!!!
بغیر کسی گھبراہٹ کے منتہیٰ نے کاغذ اپنے سامنے گھسیٹا ۔۔ اور پورے ۴۰ سیکنڈ کے بعد وہ جواب لکھ کر سر کے سامنے رکھ چکی تھی۔
’’ ایک مسلمان کی حیثیت سے ہمیں قطعاٌ ضرورت نہیں کہ ہم سائنس کی مدد سے مذہب کی منزل تلاش کریں۔۔ بلکہ ہمارے پاس قرآن ہے جس کو سمجھ کر ہم سائنس کی نئی راہیں تلاش کر سکتے ہیں ۔ ۔۔‘‘
خدا کے وجود سے انکار کسی صورت بھی ممکن نہیں ۔۔!!
سر نے ایک گہری نظر اس پر ڈالی، ٹھیک ہے میں اسائنمنٹ ا گلے دن تک ملتوی کرتا ہوں آپ اپنے کلاس فیلوز کو آگاہ کر دیجیئےتھینک یو ویری مچ سر ۔۔ طمانیت کا گہرا سانس لیکر وہ سر کے آ فس سے نکلی  ارے واہ !! سر نے اسائنمنٹ کینسل کردی ۔۔ فاریہ سمیعت سب ہی کلاس فیلوز کی خوشی سے بانچھیں کھلی ہوئی تھیں۔۔
ہاں میں کچھ نوٹس کا پوچھنے گئی تھی ۔۔۔ توسر نے بتایا ۔۔ منتہیٰ نے شانے اچکائے اور پھر فاریہ کوہاسٹل کی جانب گھسیٹا ۔۔ارے بی بی میں خود چل تو رہی ہوں پھر کیوں دھکا لگا رہی ہو ۔۔ فاریہ نے برا منایا  جلدی جلدی چلو تمہیں ایک مزے کی بات بتانی ہے ۔۔ مینا ایکسائیٹڈ تھی
پیزا یا برگر ؟؟ فاریہ نے دیدے نچائےاُف!! یہ پیزا اور برگر کہاں سے آ گئے ؟؟ مینا نے اسے سختی سے گھورا
کل ہم گیارہ بجے سپارکو کے ریسرچ سینٹر ایک ورک شاپ اٹینڈ کرنے جا رہے ہیں ۔۔
اُوہ آئی سی !! تو تم نے سر سے اسائنمنٹ اس لیئے کینسل کروائی ہے ۔۔ فاریہ نے عقل کے گھوڑے دوڑائے ہاں میں نے ریکوئسٹ کی تھی سر بائی چانس مان گئے۔۔ لیکن تم اپنا منہ بند رکھنا ۔۔ ورنہ مجھ سے برا کوئی نہ ہوگا ۔۔ مینا نے اُسے گھُرکا ۔۔ وہ تو آپ سے برا ویسے بھی کوئی نہیں ہے منتہیٰ بی بی ۔۔ ہونہہ ۔۔ چلو اچھا ایڈونچر رہے گا ۔۔ میں کل کے لیئے سوٹ اور جیولری نکال لوں ۔۔۔ فاریہ وارڈروب کی طرف بڑھی ۔۔   اور مینا نے کھینچ کر اُسے تکیہ مارا ۔۔ یہ لڑکی کبھی نہیں سدھرے گی !!!

                                                                                                      جاری ہے ۔۔





Next Episode Coming soon       

         

DISCLAIMER

         Copy rights reserved to @Saadeqakhan!
          Any concerned person found copying  or publishing this Novel with his        
        or  someone's else name would be legally treated.



Share on Google Plus

About Unknown

0 comments:

Post a Comment